کوپل:9/ اکتوبر (ایس اؤنیوز)عوام سے بڑی بڑی رقومات و زیورات حاصل کرکے اپنے غیبی علم اور دعاؤں سے خزانے،دفینے نکال کر مالامال کرنےکا جھانسہ دینے والاجعلی بابا(یا رب محمد علی ) پولس کا مہمان بننے کا واقعہ کوپل ضلع گنگاوتی تعلقہ کے ہیرے جنتگل دیہات میں پیش آیا ہے۔
ضلع ایس پی ڈاکٹر انوپ شٹی نے اخبارنویسوں کو اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ گنگاوتی تعلقہ ہیرے جنتگل کے مکین جاوید پاشا کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولس نے جعلی بابا کو اپنی تحویل میں لے کر جانچ پڑتال کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بابا نے شکایت کردہ جاوید پاشا ہ سے 13تولہ سونا لے کر دھوکہ دیاہے۔ پولس کارروائی کرتےہوئے جعلی بابا کی ملکیت والی انوا کار، 2بائک اور جعلی سونے کے بڑے بڑے بھگونوں کو ضبط کرلیا ہے جس کی اندازاً قیمت 56لاکھ روپئے لگائی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اپنے آپ کو’’ یارب‘‘کہنے والا یہ ڈھونگی بابا عوام سے کروڑوں روپئے وصول کرکے دھوکہ دیا کرتاتھا۔ پچھلے 6 مہینوں سے کوپل ضلع کے عوام کو مختلف وجوہات بتا کر لوٹ رہا تھا۔ اپنے چیلوں کے ذریعے ریاست کے کولار، بلاری ، بنگلوروکے یلہنکا، بنگارپیٹ، ہوسپیٹ وغیرہ میں عوام کی تکالیف و پریشانیاں دورکرنے،دفینے نکال کر دولت مند بنانے جیسے جھانسے دےکر رقم لوٹا کرتاتھا۔
